ٹویٹر کے ان نئے فیچرز ’’ چیٹ ببل‘‘ اور ’’کلر چیٹ‘‘ کے ذریعے صارفین اب اپنے دوستوں اور دیگر لوگوں کے ساتھ مختلف رنگ استعمال کرتے ہوئے بات کر سکیں گے۔
ٹویٹر نے ان فیچرز کو ٹیسٹ کرنے کے لیے ’’ٹوٹر‘‘ نامی ایک پروٹو ٹائپ ایپ بھی متعارف کروائی ہے جس میں فی الحال ایک ہزار لوگوں کو ہی شامل کیا گیا ہے جو اس ایپ کے ذریعے ان نئے فیچرز کو استعمال کر کے ان کی کارکردگی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ اگر ان لوگوں کی رائے مثبت ہوئی تو اسی صورت میں ٹویٹر میں یہ فیچرز شامل کیے جائیں گے۔
پروٹو ٹائپ ’’ٹوٹر‘‘ کو گزشتہ برس لانچ کیا گیا تھا جسے کوئی بھی استعمال کر سکتا ہے لیکن ایک ہزار صارفین ہی اس کی جانچ کر پائیں گے۔
اس نئی ایپ میں ببل چیٹ دائرے کی صورت میں بنائی گئی ہے جب کہ پیغام کا جواب دینے کے لیے ایک کلر کوڈ موجود ہے تاکہ ہر کوئی آپ کو باآسانی شناخت کر سکے۔ اس کے علاوہ کسی بھی پیغام کو لائک، ری ٹویٹ، شیئر اور دیگر معلومات تک رسائی کا آپشن رپلائی کے اندر ہی چھپا ہوا ہے۔
ٹیسٹنگ کے دوران جن دیگر فیچرز پر بات ہوئی ہے، ان میں سٹیٹس اپ ڈیٹ سمیت ایسے مختلف فیچرز شامل ہیں جن کا مقصد دراصل صارفین کے درمیان دوری کم کرنا ہے۔