ن لیگ کے ایم این اے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شامل؛ سیاسی جوڑ توڑ میں مزید سرپرائز دیں گے، سپیکر پنجاب اسمبلی

01:16 PM, 17 Mar, 2020

نیا دور
مسلم لیگ ن گجرات سے قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری تنویر احمد گوندل ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے ہیں۔

اس ضمن میں منعقدہ تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے اور بھی سیاسی لیڈر رابطے میں ہیں، سیاسی جوڑ توڑ میں مزید سرپرائز دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخاب میں نئے ساتھیوں کو اہم عہدوں ہر لائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں سابق وفاقی وزیر، اراکین پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت 13 اہم رہنما شامل ہوئے تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب اور ق لیگ کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔ گورنر ہاؤس میں شمولیت کی تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہٰی اور کامل علی آغا بھی شریک تھے۔

فیصل آباد سے سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل مشتاق احمد چیمہ، اوکاڑہ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی دیوان اخلاق، اوکاڑہ ہی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اصغر علی جیویکا ق لیگ میں شامل ہوئے۔

ان کے علاوہ سابق ٹاؤن ناظم سجاد حیدر، سمندری سے ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی خالد محمود گل بھی ق لیگ میں شامل ہوئے۔ ق لیگ میں شامل ہونے والے دیگر رہنماؤں میں صداقت خان لودھی، ضیا اللہ گجر، ریحان کسانہ، حاجی عبدالقادر، عارف چیمہ، عامر وڑائچ، ٹکٹ ہولڈرز رائے قادر اور خالد پرویز گل شامل ہیں۔

شمولیت کی تقریب میں مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق رکن اسمبلی عارف گل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چوہدری پرویزالہی نے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نئے شامل ہونے والوں کو بلدیاتی انتخابات میں اہم عہدوں پر میدان میں اتارا جائے گا۔

چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ ق عوامی مسائل حل کرنے کی سیاست کرتی ہے، بلدیاتی میدان میں پارٹی بھرپور انداز سے اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم نہیں ہمارے کام بولتے ہیں، ق لیگ کا دور حکومت خدمت کا دور تھا۔
مزیدخبریں