نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے ’’کامیاب نوجوان پروگرام‘‘  کی منظوری

06:55 AM, 17 May, 2019

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، آسان شرائط پر قرضہ دینے اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس میں پروگرام کی منظوری دی جب کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے شرکاء کو پروگرام کے بارے میں بریف کیا۔

انہوں نے کہا، ماضی میں بھی ایک یوتھ سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا تھا لیکن مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے تھے۔



عثمان ڈار نے کہا، ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘  کے تحت نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع تو بڑھائے ہی جائیں گے بلکہ انہیں تعلیم کی فراہمی اور ہنرمند بنانے کے لیے بھی مختلف سکیمیں شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا، ہم نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے بنیادی خاکہ مرتب کر لیا ہے جب کہ اس حوالے سے ایک قومی نوجوان کونسل بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔

عثمان ڈار نے کہا، ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم یوتھ پلس پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس میں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوانوں سے آراء اور تجاویز طلب کی جائیں گی۔

متذکرہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے 40 سے زیادہ شعبہ جات کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں نوجوان صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مستفید ہو سکیں گے۔

عثمان ڈار نے کہا، نوجوانوں کی ترقی کے لیے مختلف سکیمیں شروع کی جائیں گی جن میں یوتھ اکنامک ڈویلپمنٹ سکیم، وزیراعظم گرین موومنٹ سکیم، وزیراعظم سٹارٹ اپ سکیم، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند پروگرام اور کامیاب نوجوان ایمپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام شامل ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے مزید کہا، وزیراعظم ایمپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام کے لیے مختلف تعلیمی اداروں اور جامعات سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر نوجوانوں کا ڈیٹابیس تشکیل دیا جائے گا۔ یہ پلیٹ فارم حکومتی محکموں سے منسلک ہو گا تاکہ  نوجوانوں کو خالی آسامیوں پر ملازمتیں فراہم کی جا سکیں۔



عثمان ڈار نے کہا، وزیراعظم سٹارٹ اپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا، وزیراعظم کی منظوری کے بعد اب وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کو منظوری کے لیے جلد کابینہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔

 
مزیدخبریں