وفاقی وزیر کا حالیہ اقدام ان کے مخالفین کو بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور کر دے گا۔ فیصل وائوڈا نے انفرادی کوششوں سے ’’ اپنا روزگار سکیم‘‘ شروع کی ہے جس کا مقصد کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے 249 بلدیہ ٹائون میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ انہوں نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر بلدیہ ٹائون کے حلقے سے مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
انہوں نے بلدیہ ٹائون میں ’’ اپنا روزگار سکیم‘‘ کے تحت چیک تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اس سکیم کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار افراد کے درمیان تین کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یہ رقم نوجوانوں کو قرض حسنہ کے طور پر دی جائے گی جس پر کوئی سود نہیں لیا جائے گا۔
فیصل وائوڈا نے کہا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ملک میں جاری دیگر فلاحی منصوبے مثبت ضرور ہیں لیکن ان کی جانب سے متعارف کروائی گئی یہ سکیم سب سے اچھی ہے۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا، مذکورہ سکیم سے ان لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا جو ہر ماہ طویل قطاروں میں لگ کر پیسے لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا، پی ٹی آئی کی حکومت اسلامی تعلیمات کے تحت لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے ان کی مدد کر رہی ہے تاکہ وہ سود کے بغیر قرض حاصل کر کے اپنے لیے ذریعہ معاش پیدا کر سکیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فیصل وائوڈا کی سکیم کا ایک پوسٹر شیئر کیا تھا۔
https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1129091481569058828
اس ٹویٹ میں شہباز گل نے کہا تھا، اس سکیم میں وفاقی یا صوبائی حکومت کے فنڈز استعمال نہیں ہو رہے بلکہ یہ تمام رقم فیصل وائوڈا اور دیگر سماجی کارکنوں نے بطور عطیہ دی ہے۔