خواجہ سراؤں کے اہم رہنمائوں کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان

03:53 PM, 17 Nov, 2021

نیا دور

خواجہ سرائوں کے اہم رہنمائوں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اہم موقع پر کراچی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں اہم صوبائی شخصیات نے شرکت کی۔


پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں سب ایک خاندان کی طرح ہیں۔ ہماری جماعت میں مذہب، برادری یا نسل کا فرق نہیں رکھا جاتا۔ ہم خواجہ سرائوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ خواجہ سرا ہمارے پاکستانی شہری ہیں ہم قانون سازی کے ذریعے ان کو حقوق دلائیں گے۔


خواجہ سراؤں کی صوبائی ایسوسی ایشن کی صدر بندیا رانا نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں خواجہ سراؤں کی کل تعداد تقریباً پانچ ہزار ہے جبکہ کراچی میں یہ اٹھارہ ہزار سے زائد ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود ہمیں حقوق نہیں دیئے جاتے۔ ہم نے اس لئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تاکہ ہمارے لئے کچھ کیا جائے۔


ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو پاکستان کے واحد رہنما ہیں جو ہر مظلوم طبقے کی کھل کر حمایت کرتے ہیں۔ اس لئے ہماری برادری چاہتی ہے ایسا وزیر اعظم آئے جو ہمیں بھی حقوق دلائے۔


 


خواجہ سرا رہنما زیرش نے کہا کہ ہمیں شناختی کارڈ بنوانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایسے ہی مسائل کے حل کیلئے اگر پیپلز پارٹی خواجہ سراؤں کی مدد کرے اور انہیں بحیثیت ووٹر رجسٹر کروا دے تو برادری کے سندھ بھر کے پچاس ہزار ووٹ اسی پارٹی کو دلوائے جائیں گے۔

مزیدخبریں