معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے صارفین کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی مقبول سروس میپس میں 3 نئے فیچرز متعارف کرا دیئے۔
کمپنی کے مطابق گوگل میپ دنیا میں راستے تلاش کرنے کے لیے سب سے زیادہ مقبول سروس ہے۔ان نئے فیچرز کا مقصد لوگوں کو سفر کے دوران مدد فراہم کرنا ہے۔یہ نئے فیچرز صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔
ان میں سے ایک فیچر ٹرانزٹ ڈائریکشنز کا ہے۔ اس فیچر سے صارفین کو ان کی مطلوبہ منزل کے لیے بہترین راستے کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ فیچر سفر کی لمبائی، منزل پر پہنچنے کے ممکنہ وقت اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر بہترین راستے کی نشاندہی کرے گا۔
اس فیچر سے صارف یہ جان سکے گا کہ مطلوبہ منزل تک جانے کے لیے کونسی پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کیا جائے یا کہاں پیدل چلنا زیادہ بہتر ہوگا۔
دوسرا فیچر collaboration لسٹ ٹول ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر سے صارفین اپنے دوستوں کے ساتھ کسی جگہ گھومنے کی منصوبہ بندی کر سکیں گے اور ووٹنگ کرکے مقام کا انتخاب کر سکیں گے۔
گوگل کے مطابق جب آپ کسی مقام کو میپس پر دوستوں کے ساتھ شیئر کریں گے تو فوری طور پر collaborative لسٹ تیار کرکے وہاں گھومنے کی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔
دوستوں کے گروپ میں شامل ہر فرد ان مقامات کو اس لسٹ میں شامل کرسکے گا جہاں وہ گھومنے کا ارادہ رکھتا ہوگا۔
ان میں سے کسی ایک مقام کا انتخاب ووٹنگ کے ذریعے کیا جاسکے گا اور ووٹس کے لیے ایموجیز ری ایکشنز کو استعمال کیا جائے گا۔
تیسرا فیچر ایموجی ری ایکشنز کا ہے۔اس فیچر میں ہارٹ سمیت دیگر ایموجیز کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی کے مطابق جب آپ کسی تصویر، ویڈیو یا ریویو کو دیکھیں گے تو ایموجیز کے ذریعے اپنے ری ایکشن کا اظہار کر سکیں گے۔
اسی طرح آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور ایموجی کچن کے ذریعے mashup ری ایکشنز بھی تشکیل دینا ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل گوگل کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ کمپنی گوگل میپس کے لیے ایک اے آئی چیٹ بوٹ کو متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔
گوگل کی جانب سے حالیہ مہینوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد سروسز کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود کوڈ سے اے آئی چیٹ بوٹ کے اضافے کا اشارہ ملتا ہے۔
مگر ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ کس طرح کام کرے گا اور اس سے صارفین کو کیا مدد ملے گی۔
البتہ رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس چیٹ بوٹ سے گوگل میپس میں ریویوز اور کمنٹس پوسٹ کرنے میں مدد مل سکے گی۔
ایک امکان یہ ہے کہ اس چیٹ بوٹ کی جانب سے صارفین کو مختلف جگہوں کی سیر کے حوالے سے مشورے دیے جا سکتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے اس چیٹ بوٹ کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل اکتوبر 2023 میں گوگل میپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کئی فیچرز کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جو آنے والے مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ میپس میں سرچ کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے مخصوص جگہوں یا چیزوں کی تلاش آسان ہو جائے۔
اسی طرح میپس نیوی گیشن انٹرفیس کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ اردگرد کی جگہوں کو زیادہ درست طریقوں سے دکھایا جا سکے۔
اس مقصد کے لیے گوگل میپس میں رنگوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سڑکوں، پارکس اور دیگر مقامات کا درست اندازہ ہوسکے۔