فیفا ورلڈکپ کوالیفائر: سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے شکست دیدی

پاکستان نے پہلی مرتبہ فیفا عالمی کپ کوالیفائرز کا دوسرا راونڈ کھیلا۔میچ میں پاکستان ٹیم نے مضبوط حریف ٹیم کے خلاف قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑیوں نے جلد بازی کے سبب  گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کر دیے۔

02:30 PM, 17 Nov, 2023

نیا دور

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں سعودی عرب نے پاکستان 0-4  سے شکست دے کر 3 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔   پاکستان دونوں ہاف میں کوئی بھی گول سکور کرنے میں ناکام رہا۔ پاکستان اب اپنا دوسرا میچ 21 نومبر کو تاجکستان کے خلاف کھیلے گا۔

جمعرات کی شب الفتح سٹیڈیم پر کھیلا جانے والا گروپ جی کا پہلا میچ پاکستان فٹبال ٹیم کے لیے تاریخی حیثیت  کا حامل رہا۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ فیفا عالمی کپ کوالیفائرز کا دوسرا راونڈ کھیلا۔

میچ کے آغاز سے قبل شروع ہونے والی بارش نے قومی ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ میچ میں پاکستان ٹیم نے مضبوط حریف ٹیم کے خلاف قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑیوں نے جلد بازی کے سبب  گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پرفاتح ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل تھی، یہ گول کھیل کے چھٹے منٹ میں  سینٹر فاروڈ الشہری نے کیا۔ سعودی عرب کا دوسرا گول بھی 48 ویں منٹ میں الشہری نےملنے والی پنالٹی کک پر کیا۔

عبدالرحمن غریب نے میچ ختم ہونے سے دو منٹ  پہلے گول داغا پھر آخری لمحات میں سعودی ٹیم نے ایک اور گول کر کے پاکستان کو چار کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دی۔

فیفا کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 193  واں نمبر ہے جبکہ   سعودی عرب  57 ویں پوزیشن پر براجمان ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ21 نومبر کو  اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں تاجکستان کی ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔

پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ کوالیفائر کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔

مزیدخبریں