وہاب ریاض قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

06:04 PM, 17 Nov, 2023

ذیشان نواز

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) میں اکھاڑ پچھاڑ جاری، سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کردیاگیا ہے۔

ان کی پہلی اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21  جنوری تک ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ 91ون ڈے اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200  رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔یہ ایک چیلنج ہے ۔ آسٹریلیا کا دورہ  انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں   پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں ۔اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں  امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ہمیں محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کیا جائے۔وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔

علاوہ ازیں، پی سی بی نے اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے کوچنگ سٹاف کی ذمہ داریاں تبدیل کی ہیں۔ اس کے علاوہ محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل پی سی بی نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتانوں کا اعلان کرتے ہوئے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔

مزیدخبریں