چترال میں 'مائیکرو واٹر شیڈ مینیجمنٹ منصوبے' کا افتتاح، 119 ایکڑ بنجر زمین سیراب ہو گی

04:01 PM, 17 Oct, 2022

نیا دور
چترال کے علاقے دولوموس میں 'مائیکرو واٹر شیڈ منصوبے' کا افتتاح ہوا۔ اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 60 لاکھ روپے ہے جس میں سے 10 لاکھ روپے مقامی کمیونٹی خرچ کرے گی جبکہ باقی کے 50 لاکھ حکومتی گرانٹ سے دیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 119 ایکڑ بارانی زمینکو سیراب کر کے زرخیز بنایا جائے گا۔

اس منصوبے کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل سوئل اینڈ واٹر کنزرویشن خیبر پحتونخوا محمد یسین خان وزیر نے کیا۔ اس موقع پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ چترال یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظاہر شاہ اور ڈسٹرکٹ آفیسر امین الحق نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محمد یسین خان وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر بدقسمتی سے ہم اپنے اناج کی پیداوار میں خودکفیل نہیں ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے سابق حکومت نے وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی کے تحت ایک پروگرام شروع کروایا تھا۔ آج جس منصوبے کا افتتاح ہوا ہے وہ اسی پروگرام کا حصہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک خوشحبری سنائی کہ اسلامک ڈیویلپمنٹ بنک کے ساتھ اس سلسلے میں ایک معاہدہ طے ہوا ہے جس کے تحت بنک ایک ارب کی گرانٹ دے گا۔ جس سے ہم 8 ہزار ایکڑ زمین کو زیر کاشت لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں ہم چترال کو زیادہ فنڈ دے رہے ہیں کیونکہ یہ ایک پسماندہ ضلع ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ یہاں زیادہ سے زیادہ منصوبوں پر کام شروع کریں تاکہ لوگ خوشحال ہو سکیں۔
مزیدخبریں