بھارتی فوج کرونا کے نشانے پر: بھارتی نیوی کے 21 اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق

07:44 AM, 18 Apr, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ آئے روز بڑے سے بڑے اور مضبوط لوگ ادارے اور سسٹمز اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ اور ایسے میں امیر غریب طاقتور کمزور کالے گورے  کی کوئی تمیز نہیں برتی جا رہی۔

اب بھارتی فوج میں کرونا کی تباہ کاریوں کا ذکر ہے۔ اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس نے بھارتی نیوی کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  بھارتی نیوی کے 21 اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد نیوی میں ایک  ادارہ جاتی اضطراب پایا جا رہا ہے۔

بھارتی نیوی کی ویسٹرن کمانڈ کے ان اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق کے بعد اس وقت نیوی میں ہنگامی طور پر ٹیسٹنگ جاری ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق ان کیسز میں کرونا کی کسی علامت کے شواہد نہیں ملے اور یہ مکمل طور پر بظاہر صحت مند تھے۔ اس وقت ان سے رابطے میں آنے والے نیوی کے اہلکاروں اور افسران کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جبکہ ممبئی میں نیوی بیچلر ہاسٹل کو قرنطینہ بنا کر تمام سٹاف کو وہاں رکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

بھارتی نیول چیف نے کچھ روز قبل نیوی کے سٹاف سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ہمیں اپنے سٹریٹیجک اثاثوں کو فعال رکھتے ہوئے انہیں کرونا سے پاک رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا انتہائی مشکل ہے تاہم یہی چیلنج ہے جس سے عہدہ برا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بحری جنگی جہاز اور آبدوزیں ہر حالت میں فعال رکھنی ہیں۔

بھارتی نیوی میں ذرائع کے مطابق اس وقت بڑے پیمانے پر ان متاثرہ اہلکاروں سے رابطے میں آنے والے افراد کو تلاش کرنے کا آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج میں بھی دو ڈاکٹروں سمیت 8 فوجیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

 

 
مزیدخبریں