کراچی میں کرونا سے 300 کے قریب اموات کی خبر پر وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل کا مؤقف سامنے آ گیا

04:40 PM, 18 Apr, 2020

نیا دور
وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے انسداد کرونا ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا سے 300 کے قریب اموات کی خبر درست نہیں، صرف 15 افراد کی وجہ موت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کرونا سے جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، تمام پاکستانیوں سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائے رکھیں۔

وزیراعظم کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ جو بندشیں لگائی گئیں اس سے ہم اتنی مشکل میں نہیں جس میں ہم ہو سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ خبریں آئیں کہ کراچی میں 300 کے قریب کرونا سے اموات ہوئیں، جنہیں رجسٹر نہیں کیا گیا، یہ بات درست نہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کے علاوہ دیگر جو مریض ہسپتال نہیں پہنچ پا رہے ہیں اس کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں کراچی کے جناح ہسپتال کے حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ وہاں پر بہت سے ایسے مریض لائے گئے ہیں جو کہ ہسپتال پہنچتے ہی انتقال کر گئے یا لانے سے پہلے ہی وہ انتقال کرچکے تھے۔ ان سب سے متعلق خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ان کی اموات کرونا سے ہوئی ہے تاہم بعد ازاں ان خبروں کو غلط قرار دے دیا گیا تھا۔
مزیدخبریں