عارفہ صدیقی نے اپنے کیرئیر کے عروج پر خود سے عمر میں 30 سال بڑے موسیقار استاد نذر حسین سے شادی کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے شوبز کی چکا چوند کو بالکل ہی چھوڑ دیا تھا۔ جنوری 2018ء میں ان کے شوہر استاد نذر حسین کا انتقال ہو گیا تھا۔
عارفہ صدیقی اپنے سابق مرحوم شوہر کی زندگی کے آخری ایام تک ان کیساتھ رہیں، تاہم ان کے انتقال کے بعد خود سے 25 سال کم عمر موسیقار تعبیر احمد سے دوسری شادی کی اور اب انہوں نے ان کے ساتھ ہی گانا جاری کرکے شوبز میں واپسی کی ہے۔
انہوں نے خود سے کم عمر دوسرے شوہر تعبیر احمد کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں شریک حیات کی صورت میں ایک بہترین ساتھی، ہمدرد اور دوست ملا ہے۔
عارفہ صدیقی سینئر مرحوم اداکارہ طلعت صدیقی کی صاحبزادی ہیں جو مئی 2021 میں انتقال کر گئی تھیں۔ عارفہ صدیقی نے 1990ء میں کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے گلوکاری سمیت ماڈلنگ اور اداکاری میں بھی جوہر دکھائے۔ عارفہ صدیقی کو ان کی گلوکاری کے مقابلے اداکاری کی وجہ سے کافی شہرت حاصل رہی۔
عارفہ صدیقی نے ناصرف پی ٹی وی بلکہ ریڈیو پاکستان میں بھی کام کیا اور انہوں نے متعدد شوز میں بطور گلوکارہ بھی پرفارمنس کی مگر انہوں نے سال 2000ء میں شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ ان کا آخری ڈرامہ ’انکار‘ پی ٹی وی پر نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے گھریلو زندگی کو اہمیت دی مگر اب انہوں نے پہلا گانا ’کچھ بھی نہیں‘ جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اپنے حالیہ گانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عارفہ صدیقی نے بتایا کہ اگرچہ وہ دو دہائیوں تک شوبز سے دور رہی تھیں مگر وہ اس دوران بھی موسیقی سے جڑی رہی تھیں۔ پاکستان میں نجی ٹی وی چینلز آنے کی وجہ سے انہوں نے شوبز کو چھوڑ دیا تھا، کیونکہ اس سے معیار گر گیا تھا۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ تاہم اب نجی ٹی وی چینلز پر مواد بہتر ہونے لگا ہے لیکن اس کے باوجود ابھی بھی ایسا بہت سارا مواد بنایا جا سکتا ہے جو ابھی نہیں بن رہا۔ عارفہ صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اگر انہیں اب اداکاری کی پیشکش کی بھی جائے تو بھی وہ اداکاری نہیں کریں گی، البتہ وہ گلوکاری کرتی رہیں گی۔