'امریکا اور سعودی عرب کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا'

شیر افضل مروت نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن میں یقیناً، سعودی عرب نےسہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ایک اٹل حقیقت ہے۔جب ان سوال پوچھا گیا کہ اس میں سعودی عرب کا کیا فائدہ ہو سکتا تھا تو انہوں نے جواب دیا کہ دراصل جو بائیڈن کی حکومت یہ چاہتی ہے اور سعودی عرب کی حکومت انہی کے اشاروں پر خطے میں ان کے مفادات کو پورا کرتی ہے۔

01:57 PM, 18 Apr, 2024

نیا دور

دو ممالک امریکا اور سعودی عرب کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا ہے۔ یقیناً، سعودی نے کنڈیوٹ(سہولت کار) کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ایک اٹل حقیقت ہے۔ پاکستان میں ابھی جو حالات ہیں اور جتنی بھی امداد آرہی ہے یہ سب اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ یہ کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کا۔

شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی کے پروگرام ’جی فار غریدہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ممالک امریکا اور سعودی عرب کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا ہے۔

جب میزبان غریدہ فاروقی نے ان سے سوال پوچھا کہ کیا آپ سعودی عرب کو بھی اس سب میں شامل کررہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ یقیناً، سعودی عرب نے کنڈیوٹ(سہولت کار) کا کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برادر ملک سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارے معاملات میں مدد کی ہے۔  پاکستان میں ابھی جو حالات ہیں اور جتنی بھی امداد آرہی ہے یہ سب اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ رجیم چینج اور سائفر کی جو کہانی شروع ہوئی ہے تو آپ کو علم نہیں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور پاکستان کے کون کون سے لوگوں کے تانے بانے کہاں کہاں بنتے ہیں۔

میزبان نے ان سے پھر سوال کیا کہ آپ اس میں سعودی عرب کو بھی شامل کررہے ہیں تو انہوں نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

جب ان سوال پوچھا گیا کہ اس میں سعودی عرب کا کیا فائدہ ہو سکتا تھا تو انہوں نے جواب دیا کہ دراصل جو بائیڈن کی حکومت یہ چاہتی ہے اور سعودی عرب کی حکومت انہی کے اشاروں پر خطے میں ان کے مفادات کو پورا کرتی ہے۔ اس دوران کسی نے شہزادہ محمد بن سلمان کے کان میں بھی یہ بات ڈال دی کہ کابینہ کے اجلاس میں اس کا نقل اتاری گئی تھی۔ تو وہ بھی جواز بنا لیکن اصل چیز ضد اور ہٹ دھرمی تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے ایک سوال پر واضح کیا کہ اس معاملے کا تعلق تحفے میں گی گئی گھڑی سے ہرگز نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بین الاقوامی سطح پر دو سال کے دوران جو پی ٹی آئی کے ساتھ رویہ روا رکھا گیا، یہ اندرونی طاقتوں کا اپنا فیصلہ نہیں ہو سکتا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے خیالات حقائق کے منافی ہیں اور پی ٹی آئی اس بیان سے مکمل اظہار لاتعلقی کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سعودی عرب کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے باہمی احترام کا تعلق ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ شیر افضل مروت کا مؤقف ان کی ذاتی رائے ہے جسے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی تائید حاصل نہیں۔

 پارٹی کی جانب سے اظہار لاتعلقی کے بعد شیر افضل مروت نے بھی اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ لائیو شو میں میرا بیان میرے ذاتی خیالات پرمبنی تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ انٹرویو میں دعویٰ نہیں کیاکہ اس مؤقف کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں