بھارتی اخبار مڈ ڈے کے مطابق ریا چکربورتی کے اب تک سامنے آنے والے کال ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق اداکارہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے ایک ماہ بعد تک اداکار کی سابق منیجرز سے رابطے میں رہے۔
رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ کی سابق منیجر شروتی کو گزشتہ ایک سال سے بھی کم دورانیے میں مجموعی طور پر 800 سے زائد بار فون کالز کیں۔
اداکارہ نے سشانت کی سابق منیجر کو 569 ایک بار اور پھر کچھ وقفے کے بعد 222 فون کالز کیں، علاوہ ازیں اداکارہ نے انہیں موبائل پیغامات بھی بھیجے۔
اسی طرح اداکارہ نے سشانت سنگھ کے ہاؤس منیجر سموئل مرنڈا کو بھی 300 بار کے قریب فون کالز کیں۔
ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ ریا چکربورتی نے جن افراد کے ساتھ فون کے ذریعے رابطہ کیا، ان میں سے زیادہ تر افراد کو اداکارہ نے خود زیادہ سے زیادہ فون کالز اور موبائل پیغامات بھیجے۔
اگرچہ اداکارہ کے فون ریکارڈ کا ڈیٹا سامنے لایا گیا ہے، تاہم ڈیٹا میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے غیر معمولی فون کالز میں خود سے رابطے میں رہنے والے افراد کے ساتھ کیا باتیں کیں؟
مڈ ڈے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان 5 جون 2020 تک فون کالز کے ذریعے رابطہ رہا اور دونوں کے درمیان اداکار کی خودکشی سے 9 دن قبل ہی رابطے ختم ہوئے۔
اسی حوالے سے بھارتی اخبار ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریا چکربورتی کے مزید فون ڈیٹا ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ اداکارہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران فلم ساز مہیش بھٹ، بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، اداکارہ شردھا کپور، ادیتیہ رائے کپور، رکل پریت سنگھ، رانا دگوبتی، سنی سنگھ اور وفات پاجانے والی کوریوگرافر سروج خان سے بھی غیر معمولی رابطہ کیا۔