نجی ٹی وی چینل اب تک کے ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعظم خان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وزیر خارجہ نے ان کے منہ پر تھپڑ دے مارا۔
اطلاعات کے مطابق ہاتھا پائی کے بعد شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کو ان کے دفتر میں جا کر اعظم خان سے متعلق شکایت بھی کی۔
تاہم، سینیئر صحافی طلعت حسین کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس ذرائع کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی ہے۔ طلعت حسین کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کے علاوہ وزارتِ خارجہ میں موجود ذرائع نے بھی اس خبر کی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں جب جہانگیر ترین کے خلاف چینی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آئی تھی تو انہوں نے بھی اسے سازش قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم کے طاقتور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو ہی اس سازش کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
تحریک انصاف حکومت میں یہ تھپڑوں والی بات بھی نئی نہیں۔ اس سے پہلے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری بھی دو مرتبہ اس قسم کی حرکتوں میں ملوث پائے جا چکے ہیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے سینیئر صحافی سمیع ابراہیم کو ایک محفل میں زدوکوب کیا تھا جب کہ دوسری مرتبہ مبشر لقمان کو بھی انہوں نے ایک شادی کی تقریب میں مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا۔