ایک جج نے اختلاف کیا، مشرف کو سزائے موت نہیں ہوسکتی، اعتزاز احسن

02:25 PM, 18 Dec, 2019

نیا دور
پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مشرف کو اپیل کا موقع ملے گا، ایک جج نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے جس پر سزائے موت نہیں ہوسکتی ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو بالکل اپیل کا حق ملنا چاہئے، اپیل میں وکلا دلائل دے سکتے ہیں کہ صرف مشرف کو سزا کیوں دی گئی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ مشرف جواز پیش کرسکتے ہیں کہ شوکت عزیز اور دیگر کو سزا کیوں نہیں دی گئی، اپیل کے فیصلے تک سزائے موت پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے حکم پر تمام ججز کو بے اختیار کردیا گیا تھا، ان کے غیرقانونی اقدام سے انکار نہیں کیا جاسکتا، پرویز مشرف نے ایمرجنسی لگائی اور جمہوری حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ عدلیہ آئین کے تحت ایک ادارہ ہے اس پر چڑھائی نہیں کی جاسکتی۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ ہادی النظر میں مشرف کو بیماری کی صورت میں چھوٹ مل سکتی ہے، بیماری کی صورت میں نواز شریف کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ فرد جرم عائد ہوجائے تو ملزم کی غیرموجودگی میں فیصلہ ہوسکتا ہے، ملزم اشتہاری قارر دے دیا جائے تو بھی فیصلہ ہوسکتا ہے، مشرف پر فرد جرم عائد ہوچکی تھی اس کے بعد وہ باہر گئے تھے۔
مزیدخبریں