پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر غفور عرف جلیل دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھا۔ جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں بھی سیکیورٹی فورسز کے کلیرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد محمد خیل گائوں سے ویزدا سر کی جانب فرار ہو رہے تھے۔
دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے خبر دی ہے کہ افغانستان میں گذشتہ دنوں ڈرون کے ذریعے ایک حملہ کیا گیا تھا جس کا ہدف ٹی ٹی پی کمانڈر مولوی محمد فقیر تھے۔ تاہم حملے کی جگہ پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے تاہم ان کے دو ساتھی مارے گئے۔ یہ حملہ بروز جمعرات مورخہ 16 دسمبر کی شام کو صوبہ کنڑ کے گاؤں چوگام میں قائم ایک کمپاؤنڈ پر کیا گیا تھا۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر مولوی فقیر محمد کو اشرف غنی حکومت نے گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے کئی سال بگرام جیل میں گزارے لیکن طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔