سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان! لوگ جانتے ہیں کہ تم کس کے ایجنڈے پر کام کرتے ہو۔ تم کام کرتے ہو تو بھارت خوش ہوتا ہے۔ بلاول جب بات کرتا ہے تو بھارت کی حکومت کو آگ لگتی ہے۔
سعید غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تاریخ پر تاریخ، تاریخ پر تاریخ مت دو ۔ استعفے دو اور جان چھوڑو۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان فیس سیونگ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ہفتے بعد اسمبلیاں توڑنے کے بجائے آج ہی توڑ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئندہ جمعہ (23 دسمبر) کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ اس ملک کے وارث عوام ہیں کوئی اور نہیں۔ نہیں چاہتا یہاں سری لنکا جیسے حالات ہوں۔
قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ملک کا دیوالیہ کرکے گئے تھے۔ 30 سال سے جو ملک کو لوٹ رہے تھے انہیں اوپر بٹھادیا گیا۔ ان کا مقصد صرف الیکشن کا التواء ہے۔یہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔انہیں ڈر ہے جب بھی الیکشن ہوں گے ہار جائیں گے۔ یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کروائیں گے۔
خطاب کے دوران ان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی تھے۔