فواد چوہدری کی کرپشن کیس میں ضمانت منظور

عدالت نے حکم دیا کہ اگر فواد چوہدری کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو اُن کو رہا کردیا جائے۔

04:08 PM, 18 Dec, 2023

نیا دور

انسداد کرپشن کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

راولپنڈی کی انسداد کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بھکر نے فواد چوہدری کے خلاف کرپشن کے مقدمے کی سماعت کی۔

خصوصی عدالت نے کرپشن کے مقدمے میں زیر حراست سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ اگر فواد چوہدری کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو اُن کو رہا کردیا جائے۔

خصوصی عدالت نے فواد چوہدری کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر رہا کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا۔

گزشتہ سماعت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے فواد چوہدری کے ایک روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کی تھا۔ فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے سابق وفاقی وزیر کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے یا نہ دینے سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا تھا۔

چند روز قبل  نیب نے عدالت کی اجازت کے بعد فواد چوہدری کے وارنٹ کی تکمیل کرتے ہوئے ان کی اڈیالہ جیل میں گرفتاری ڈال دی تھی۔

فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری الیکشن لڑیں گے۔لیکن کس انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا، یہ سرپرائز ہوگا۔

اپنے اوپر تنقید اور الزامات کے حوالے سے فیصل چوہدری نے کہا کہ حبا فواد پریشان ہیں۔پریشانی میں انہوں نے کوئی بات کی ہے۔حبا میری بڑی بہن ہے۔ گھر کے معاملات گھر میں حل کریں گے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے فواد چوہدری پر رواں سال 29 نومبر کو مقدمہ درج کیا تھا۔ فواد چوہدری پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی منظوری کیلئے 35 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام تھا۔

مزیدخبریں