عمران خان کے دور حکومت میں 31 فیصد پاکستانی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، سروے رپورٹ

06:35 AM, 18 Jan, 2020

نیا دور
پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے باعث 31 فیصد پاکستانی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ایک تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے باعث لگ بھگ 31 فیصد پاکستانیوں کی ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں۔ بقیہ بچ جانے والے ملازمت پیشہ افراد شدید پریشانی کے شکار ہیں اور ان میں سے 83 فیصد ملازمت پیشہ افراد کو خطرہ ہے کہ کہیں انہیں بھی ملازمت سے محروم نہ کر دیا جائے۔

اس بات کا انکشاف آئی پی ایس او ایس نامی عالمی معاشی تحقیقی و مشاورتی فرم نے کیا ہے۔

عالمی صارفین کے اعتماد پر جاری اپنی رپورٹ میں فرم نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام میں افراطِ زر، بیروزگاری اور غربت کے خدشات سب سے گہرے ہیں۔ ملک میں جاری معاشی زبوں حالی سے کروڑوں افراد پریشان ہیں۔

فرم نے ملک بھر میں سروے کر کے لوگوں سے سوالات کئے ہیں جس کے جواب میں انہوں نے معیشت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صرف 21 فیصد افراد نے کہا کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

آئی پی ایس او ایس کی تحقیق اور سروے سے پاکستانی عوام کی بے چینی اور معاشی عدم تحفظ کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔

سروے میں 18 سے 65 سال کے 2900 افراد سے سوالات کئے گئے تھے۔ سروے میں ملازمتوں کے مواقع اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کی جانب نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
مزیدخبریں