لاٹری نکلنے پر ٹی وی رپورٹر کو براہ راست نشریات میں استعفیٰ دینا مہنگا پڑ گیا

10:01 AM, 18 Jan, 2020

نیا دور
سپینش ٹی وی کی ایک رپورٹر نے لاٹری نکلنے پر براہ راست نشریات میں استعفیٰ دے دیا لیکن یہ جلد بازی بعد میں رپورٹر کو مہنگی پڑ گئی۔ رپورٹر کو لاٹری نمبروں کی دوبارہ پڑتال نہ کرنے کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

خاتون رپورٹر نے براہ راست نشریات کے دوران اس وقت استعفیٰ دے دیا، جب انہیں لگا کہ ان کا جیک پاٹ لگا ہے۔ آر ٹی وی ای کی رپورٹر نتالیہ ایسکو ڈیرو نے سپین کی الگورڈو لاٹری کے نتائج سنتے ہوئے سمجھا کہ ان کا 4 ملین یورو کا انعام نکلا ہے جبکہ ان کا انعام بہت کم مالیت کا تھا۔

نتالیہ نے خود کو بڑے انعام کا مالک سمجھتے ہوئے لائیو ٹی وی نشریات میں حد سے زیادہ خوشی کا اظہار کیا اور فوراً اعلان کیا کہ وہ کل سے کام پر نہیں آئیں گی۔

بعدازاں جب انہیں پتا چلا کہ ان کا انعام بہت کم ہے تو انہیں اپنے کیے پر شرمندگی ہوئی اور انہوں نے ٹوئٹر پر صارفین سے معذرت کی اور بتایا کہ وہ ذاتی زندگی میں مشکل حالات سے گزر رہی ہیں۔

نتالیہ کے ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں