ایران کی دراندازی: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دورہ ڈیووس مختصر کر دیا

ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیراعظم کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے جس میں پاک ایران کشیدگی پر غور ہو گا۔ شرپسندوں کے خلاف حالیہ آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔

02:29 PM, 18 Jan, 2024

نیا دور

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد اپنا دورہ ڈیووس مختصر کر دیا ہے۔ وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ عالمی اقتصادی فورم ( ڈبلیو ای ایف) کے 54ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے 14 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس پہنچے تھے۔انہوں نے 22 جنوری کو واپس آنا تھا۔ تاہم ایران کی طرف سے پاکستان میں دراندازی کے تناظر میں انہوں نے اپنا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نگران وزیراعظم نے اپنے دورہ ڈیووس کے دوران امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری اور سری لنکن صدر کے علاوہ ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم نے جاری پیش رفت کے پیش نظر اپنا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے یوگنڈا میں موجود نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیراعظم کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے جس میں پاک ایران کشیدگی پر غور ہو گا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی، نیول اور فضائیہ چیفس شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی امن و امان کی صورتحال سمیت انتخابات سے متعلق غور ہو گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزارت دفاع اور خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک ایران تعلقات کے مستقبل پر بھی گفتگو ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف حالیہ آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے دور افتادہ علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں پر میزائل حملے کیے جس میں دو بچیاں شہید اور 3 زخمی ہو گئیں۔

پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر آج علی الصبح ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

مزیدخبریں