کیا فیس ماسک پہننے سے جسم میں آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے؟

10:11 AM, 18 Jul, 2020

نیا دور
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین کی جانب سے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن ماسک کے حوالے سے مفروضے ہیں کہ اس کے پہننے سے آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے جس کی تردید کر دی گئی ہے۔

برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس کے ڈاکٹر جوشوا واریچ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کر کے فیس ماسک سے آکسیجن کی کمی ہونے کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ویڈیو میں ٹیسٹ بھی کر کے دکھایا تاکہ لوگوں کو بتایا جاسکے کے فیس ماسک آکسیجن کے لیے خطرناک نہیں۔

برطانوی ڈاکٹر جوشوا واریچ کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا، انسانی جسم میں آکسیجن کی کمی کا باعث نہیں بنتا اور نہ یہ جسم میں داخل ہونے والی آکسیجن کو روک سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ان لوگوں کی جانب سے بولا گیا جھوٹ ہے جو اسے محض صرف مذاق یا دھوکا مانتے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک آپ کی حفاظت کے لیے ہے، اگر آپ کو اسے پہننے کا کہا جا رہا ہے تو اسے پہننا چاہیے۔



واضح رہے کہ کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی ادارہ صحت نے پبلک ٹرانسپورٹ، دکانوں اور مجمع میں ماسک پہننے کی سختی سے تاکید کی تھی۔ اس کے علاوہ کلینکوں میں کام کرنے والا عملے اور 60 برس سے زائد عمر کے افراد اور بیمار افراد کو میڈیکل ماسک پہننے کی ہدایت کی تھی۔
مزیدخبریں