دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹ گئی، 100 افراد ڈوب گئے، لاشیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

12:22 PM, 18 Jul, 2022

نیا دور
دریائے سندھ میں ماچھکہ کے قریب انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں باراتیوں کی کشتی الٹنے سے 100 افراد ڈوب گئے۔ امدادی ٹیموں نے لاشیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے دریائےسندھ میں کشتی اُلٹنے اور واقعے میں جانی نقصان پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارتعزیت کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ سے حادثے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد بارات لے کر کھروڑ سے ماچھکہ آ رہے تھے، کہ اچانک صادق آباد کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد دریا پر پہنچ گئے اور لاشیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ 35 افراد کو بھی مقامی لوگوں نے بچا لیا ہے۔

حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئی ہیں، ڈوبنے والے مزید افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

رماچھکہ کے قریب باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 3 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور اب مزید 16 لاشیں نکال لیں گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہو گئی ہے، تمام لاشیں خواتین کی ہیں، کشتی میں 100 سے زائد افراد سوار تھے۔
مزیدخبریں