ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے تمام الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے ضمنی الیکشن میں فتح کے باوجود الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ ن کو جتوانے کیلئے الیکشن کمیشن نے بھرپور کوششیں کیں۔
عمران خان نے اپنے الزام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا پر بھی الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے تھے، ان کی ہی کوشش تھی کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو شکست ہو جائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کارکنوں اور رہنمائوں کی پکڑ دھکڑ کو بنیاد بناتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا ریاستی مشینری کی مداخلت نہیں ہوگی لیکن ہم پر ایف آئی آر کاٹی گئیں جبکہ ریاستی مشینری کا بھی بے دریغ استعمال کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں جیسا الیکشن کرایا گیا، ایسے ہی الیکشن کرانے ہیں تو بحران بڑھے گا۔ ایک ہی راستہ ہے اور وہ صاف اور شفاف الیکشن ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو چاہیے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔