وزیر خزانہ سے متعلق جھوٹی خبر چلانے پر پیمرا نے اے آر وائی نیوز کو نوٹس جاری کردیا

10:15 AM, 18 Jun, 2022

نیا دور
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔ پیمرا کی جانب سے اے آر وائی کو یہ نوٹس وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی سرکاری رہائش گاہ کے حوالے سے خبر پر جاری کیا گیا ہے۔

پیمرا کی جانب سے اے آر وائی نیوز کو سات روز میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے یہ خبر دی تھی کہ مفتاح اسماعیل منسٹرز انکلیو کے 22 نمبر بنگلے میں منتقل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے گھر میں منتقل ہونے سے پہلے اس کی تزئین و آرائش کروائی جس پر 48 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے منسٹر انکلیو کے گھر میں منتقل ہونے کی اے آر وائی کی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 ٹو کے گھر میں رہتا ہوں، مجھے منسٹر انکلیو میں گھر دیا گیا ہے لیکن وہاں گیا تک نہیں۔

https://twitter.com/MiftahIsmail/status/1537435618451812352

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ میرا منسٹر انکلیو کے گھر میں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، منسٹر انکلیو والے گھر میں ایک پیسہ تک خرچ نہیں کیا گیا، میں نے حکومت سے نہ گاڑی لی اور نہ ہی پیٹرول و تنخواہ لیتا ہوں۔





مزیدخبریں