'افغانستان کے ایک شخص کو عمران خان کے قتل کی سپاری دیدی گئی'

02:15 PM, 18 Jun, 2022

نیا دور
سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قتل کی سازش تیار کر لی گئی ہے۔ افغانستان میں رہنے والے ایک شخص کو اس کام کی سپاری دیدی گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے سیالکوٹ میں عوامی جلسے میں کہا تھا کہ مجھے جان سے مار دینے کی سازش تیار کی جارہی ہے اس لیے میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرا کے محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے۔

https://twitter.com/Fayazchohanpti/status/1538117836215832577?s=20&t=m-T54x7WjVsN14lBgetWBg

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی جانب سے بیان کے ردعمل میں کہا تھا کہ اگر قتل کی سازش سے متعلق بیان یا کوئی شواہد ہیں تو حکومت انکوائری کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا تھا کہ بند کمروں میں عمران خان کے قتل کی سازش بنائی گئی ہے۔ ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ غیر سرکاری حلقوں کا کہنا ہے رات کے وقت عمران خان کے گھر دھاوا بولا جائیگا، اور اس دوران ان کی جان لینے کا خدشہ ہے۔ ادارے عمران خان کی جان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے عوام، اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اونچی دیواروں اور بند کمروں کے پیچھے ان کی قتل کی سازش ہو رہی ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بنی گالہ کے اطراف کچھ لوگ دیکھے گئے۔

اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ عمران خان کی قتل کی سازش سے متعلق بات پر یقین نہیں کرتا۔ یہ شعبدہ بازی ہے، پہلے کیوں نہیں بولے اب ان کو یہ سارے خیال آرہے ہیں۔ ساڑھے تین سال حکمران رہے کچھ تو میچورٹی آنی چاہیے تھی۔

 
مزیدخبریں