وطن کی مٹی گواہ رہنا؛ ایم ایم عالم کی 7ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

02:07 PM, 18 Mar, 2020

ساحر رفیق
پاکستان کی دفاعی افواج نے اپنی بہادری سے ایسے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں کہ اگر میں ان کا ذکر چھیڑوں تو ان پر پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے۔ دن اور وقت کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے میں ایک ایسے جوان کے بارے میں آپ کو بتاؤ گا، جنہوں نے ایک منٹ کے دورانیے میں دشمن کے 5 لڑاکا طیاروں کو زمین بوس کیا۔

''ایک منٹ میں دشمن کے 5 لڑاکا طیارے تباہ'' یہ جملہ سنتے ہی ہمارے ذہنوں میں ایک نام گردش کرنے لگتا ہے۔ اس عظیم اور قابل فخر انسان کو دنیا ایم ایم عالم کے نام سے جانتی ہے۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن ملک کے 5 لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کرنے والے ایم ایم عالم کا کارنامہ آج بھی سننے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتا ہے، فضائی معرکوں میں ایم ایم عالم نے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

ایم ایم عالم نے ایک ہی وقت میں جن 5 بھارتی ہنٹر طیاروں کو خاک چٹائی وہ ایم ایم عالم کے اپنے سیبر 86 جنگی جہاز سے کئی گنا زیادہ جنگی صلاحیتوں کے حامل تھے۔ ان ہی غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں پر ایم ایم عالم کو فالکن اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔

ایم ایم عالم جنگی جہازوں کی نبض کو دبانا بخوبی جانتے تھے، ایم ایم عالم نے سن 65 کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل 11 بھارتی طیاروں کو تباہی سے دوچار کیا جن میں 9 جنگی جہازوں کو مکمل طور پر تباہ جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچایا تھا۔11 بھارتی ترنگے ان کے جہاز کی باڈی پر نمایاں دکھائی دیتے تھے، انھیں وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا۔

ایم ایم عالم جنگی جہاز سیبر کو اڑانے کا 1400 سے زائد گھنٹوں کا تجربہ رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ رائل ائیر فورس برطانیہ میں بھی خدمات انجام دیتے ہوئے ہاک ہنٹر کو اڑانے کا تجربہ رکھتے تھے۔

محمد محمود عالم 6 جولائی 1935 کو بھارت کے شہر کولکتہ میں پیدا ہوئے اور 1953 میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ پھر 1982 میں ایئر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے۔ ایم ایم عالم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان 1965 کی جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی لاوازل تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

قومی ہیرو ایم ایم عالم 18 مارچ سن 2013 کو طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے اور ماڑی پور پر پی اے ایف بیس مسرور کے شہدا قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔ پاک فضائیہ کے اس ہیرو کی 7ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

 
مزیدخبریں