پاکستان میں آج اب تک کرونا کے 1800 نئے کیسز: لوگ نئے کپڑے لینا چاہتے ہیں؛ مارکیٹیں ہفتہ، اتوار کو بھی کھلی رکھیں، چیف جسٹس

09:42 AM, 18 May, 2020

نیا دور

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چھوٹی مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بھی کھلی رکھنے اور بڑے شاپنگ مالز بھی کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کرونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ کچھ مارکیٹس کو ایس او پیز پرعمل نہ کرنے پر سیل کیا ہے، اس پر چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ چھوٹے دکانداروں کو کام کرنے سے نہ روکیں، آپ دکانیں بند کریں گے تو دکاندار تو کرونا کے بجائے بھوک سے مرجائے گا، سیل کی گئی مارکیٹس کو بھی کھولیں اور انہیں ڈرانے کے بجائے سمجھائیں۔


چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ کراچی میں 5 بڑے مالز کے علاوہ کیا سب مارکیٹیں کھلی ہیں؟ اگر باقی مارکیٹس کھلی ہیں تو شاپنگ مال کیوں بند رکھے ہیں؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہمیں منطق بتائی جائے، کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتے اور اتوار کو نہیں آئے گی، کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں، کیا ہفتہ اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے، ہم تحریری حکم دیں گے ہفتے اور اتوارکو تمام چھوٹی مارکیٹیں کھلی رکھی جائیں۔


جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عید پر رش بڑھ جاتا ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کرائی جائیں، آپ نئے کپڑے نہیں پہننا چاہتے لیکن دوسرے لینا چاہتے ہیں۔


اس موقع پر عدالت نے پورے ہفتے بھی ملک بھر کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ایس او پیز کے مطابق شام 5 بجے تمام مارکیٹس بند کی جائیں گی۔


دوسری جانب پاکستان میں  کرونا کے کیسز اور ہلاکتوں کا گراف بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ صرف آج اب تک مزید 1824 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور ان میں اضافہ جاری ہے۔ جبکہ 12 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 864 کیسز 3 ہلاکتیں، پنجاب 762 کیسز 8 ہلاکتیں،  بلوچستان 148 کیسز ایک ہلاکت، اور اسلام آباد سے مزید 50 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مزیدخبریں