عمران خان کے کوہاٹ جلسے میں ناقص لائٹنگ، پولیس نے ٹھیکیدار کو تھانے میں بند کردیا

عمران خان کے کوہاٹ جلسے میں ناقص لائٹنگ، پولیس نے ٹھیکیدار کو تھانے میں بند کردیا
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کوہاٹ میں ہونیوالے جلسے میں لائٹنگ کے ناقص انتظامات کرنے پر پولیس نے ٹھیکیدار شیخ انوار کو گذشتہ 24 گھنٹوں سے تھانے میں بند کرکے رکھا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا سٹیڈیم تو بھرا ہوا ہے لیکن آدھا نظر ہی نہیں آرہا کیونکہ لائٹنگ ٹھیک نہیں ہے۔ شہریار آفریدی کا انتظام اتنا کمزور تھا، اسے کہتا ہوں کہ آئندہ کسی اور کو انتظام دینا۔


دوسری جانب ٹھیکیدار شیخ انوار کا کہنا ہے کہ لائٹنگ اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن طوفان کی وجہ سے بجلی کے چند کھمبے گر گئے تھے۔ پولیس نے شہریار آفریدی کی شکایت پر روک رکھا ہے۔

ٹھیکیدار کے مطابق شہریار آفریدی کے ذمہ 35 لاکھ روپے کی رقم بھی واجب الادا ہے۔ ادھر کوہاٹ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی نے شکایت کی تھی ٹھیکیدار نے لائٹنگ کا کام صحیح نہیں کیا، ٹھیکیدار کو تھانے میں بلا کر تنبیہ کی اور چھوڑ دیا تھا۔