عمران خان کسی کا دوست نہیں، وہ ایسا بت جو اپنے ہی طواف میں ہے: حسن نثار پھٹ پڑے

03:13 PM, 18 Nov, 2021

نیا دور
حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران خان نہ کسی کا دوست ہے اور نہ ہی کبھی بن سکتا ہے۔ اس آدمی کا ایسا مزاج نہیں ہے۔ وہ ایسا آدمی ہے جو اپنے طواف میں ہے، وہ خود ہی بت ہے اور خود ہی پجاری ہے۔

یوٹیوب چینل '' کامران شاہد آفیشل'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بہت چھوٹی عمر میں ڈی ریل ہوگئے تھے۔ وہ ایسا پجاری ہے جو اپنے بت کے گرد طواف کرتا ہے۔ اس کی محبت بھی بہت مکینیکل ہے حالانکہ محبت غیر مشروط ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے عمران خان کو جو منشور دیا تھا وہ سالہا سال ان کے لیٹر ہیڈز پر رہا۔ وہ منشور یہ تھا کہ ''حکم اللہ کا، قانون قران کا، رستہ رسول ﷺ کا اور پاکستان سب پاکستانیوں کا، احتساب عام اقتدار میں عوام''

ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان کی ذات پر بھروسہ تھا کیونکہ وہ بہت یکسو اور محنتی آدمی ہے۔ اس کے پیچھے ایک تاریخ ہے۔ لیکن جس بندے کے پیچھے خوبصورت تاریخ ہو اس کا آخری رائونڈ بہت تاریک ہوتا ہے۔



حسن نثار نے کہا کہ جو دھوکا عمران خان کو دیا گیا، اس نے وہ مجھے منتقل کردیا۔ میں ان سے ہوم ورک کے بارے میں پوچھتا رہتا تھا کیونکہ اگر قابل سے قابل بچہ بھی ہوم ورک نہیں کرے گا تو فیل ہو جائے گا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ میں اب بھی عمران خان سے پرامید ہوں کیونکہ اس نے ہر کام میں بہت رگڑا کھا کر کامیابی حاصل کی ہے۔ اسے کرکٹ کے کھیل کی شدبد ہی نہیں تھی لیکن ورلڈ کلاس کرکٹر بنا۔ جب شوکت خانم ہسپتال بنانے کا سلسلہ شروع ہوا تو دنیا بھر کے ماہرین نے اسے ناممکن قرار دیا لیکن اس نے یہ بھی کرکے دکھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان سے چاند نہیں مانگ رہے ، انھیں اتنا تو دیدو جتنا ایک شریف آدمی اپنے پالتو جانور کو دیتا ہے۔
مزیدخبریں