وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ 2021 میں تحریک انصاف کی حکومت نے اے آر وائی کے ساتھ مل کر پی ٹی وی کو دانستہ طور پرمالی نقصان پہنچایا۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پی ٹی وی 2022 کا فیفا ورلڈ کپ کیوں لائیو نشر نہیں کر رہا؟ اس کا جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2021 میں پاکستان ٹیلی ویژن فیفا ورلڈکپ کی نشریات کے حقوق حاصل کرنے کی بولی سے دستبرار ہو گیا تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ اے آر وائی کے سپورٹس چینل اے سپورٹس کو فائدہ پہنچانا مقصود تھا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے اس وقت کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور وزارت اطلاعات و نشریات نے مل کر پی ٹی وی کو ورلڈکپ کی نشریات کے حقوق حاصل نہ کرنے دیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب پاکستان ٹیلی ویژن نے یہ فیصلہ کیا تھا تو اس وقت اے آر وائی گروپ کے سپورٹس چینل اے سپورٹس کا وجود بھی نہیں تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ یہ ظلم کیا گیا تا کہ اس وقت کی حکومت کے لاڈلے چینل اے آر وائی کو مالی فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ان کی فیفا کی انتظامیہ سے پاکستان ٹیلی ویژن کو ورلڈ کپ کی نشریات کے حقوق واپس دلوانے کے لئے گفت و شنید ہو رہی ہے جس کے باعث پاکستان ٹیلی ویژن کو مالی فائدہ ملنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بسنے والے فٹ بال کے شائقین کے لئے بھی اچھی خبر ہو گی۔