’فیصلہ اٹل ہے، شہباز شریف آزادی مارچ کی قیادت کریں گے‘

06:36 AM, 18 Oct, 2019

نیا دور
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف مولانا فضل الرحمان کے مارچ کی قیادت کریں گے۔



تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں رانا ثنااللہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ آزادی مارچ کا فیصلہ اٹل ہے، اس پر سب کو عمل کرنا ہے اور شہباز شریف آزادی مارچ کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع سے ن لیگ کے ورکرز آزادی مارچ میں شریک ہوں۔

دوسری جانب عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران اے این ایف پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں بھی آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا حق دیا جائے۔ تاہم عدالت نے رانا ثنا اللہ کا ٹرائل شروع کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جج خالد بشیر نے کہا کہ بطور ڈیوٹی جج فرد جرم عائد کر کے ٹرائل شروع نہیں کر سکتا۔

عدالت نے رانا ثنااللہ اور تفتیشی افسر کو موبائل فون ڈیٹا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ن لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کر دی۔
مزیدخبریں