خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے 26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ متفقہ طور پر منظور کر لیا

خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ سید خورشید شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ متفقہ طور پر منظور ہونے والا مجوزہ مسودہ کل وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور وفاقی کابینہ اس مسودے کی منظوری دے گی جس کے بعد یہ پارلیمنٹ میں پیش ہو گا۔

05:50 PM, 18 Oct, 2024

نیوز ڈیسک

آئینی ترمیم پر مشاورت سے متعلق بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے 26 ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ مسودہ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ مسودے کی متفقہ طور پر منظوری کا اعلان خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ خورشید شاہ نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت سے متعلق پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ مسودہ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متفقہ طور پر منظور ہونے والا مجوزہ مسودہ کل وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور وفاقی کابینہ اس مسودے کی منظوری دے گی جس کے بعد یہ پارلیمنٹ میں پیش ہو گا۔

پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے میڈیا کے نمائندوں کو یہ بھی بتایا کہ کمیٹی نے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئین میں 26 ویں ترمیم سے متعلق مسودہ 26 نکات پر مشتمل ہے۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ باقی ترامیم اگلے مرحلے میں لائی جائیں گی۔

مزیدخبریں