Type to search

انسانی حقوق انصاف سیاست قومی

وزیراعظم کا دورہ امریکہ اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی

امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ کی وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل، عصمت صدیقی نے کہا کہ بیٹی کی قید کی وجہ سےکرب میں مبتلا ہوں، ایک مرتبہ پھر عافیہ کو بچانے کیلئے آپ سے درخواست کرتی ہوں۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی  نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی قید کی وجہ سےکرب میں مبتلا ہیں، انتہائی رنجیدہ دل البتہ امید سے ایک مرتبہ پھر عافیہ کو بچانے کیلئے آپ سے درخواست کرتی ہوں۔

عصمت صدیقی نے خط میں لکھا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پاکستان کی عزت و توقیر کے مترادف ہے۔ وزیراعظم صاحب آپ کا دورہ امریکہ میرے سمیت تمام پاکستانیوں کے لیے امید کی کرن ہے، امید ہے آپ عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اس مسئلہ کا حل نکالیں گے۔ یہ کام ایک حقیقی لیڈر ہی کرسکتا ہے، مجھے آپ سے قوی امید ہے۔

عصمت صدیقی نے اپنے خط میں وزیراعظم کو بیٹے کے طور پر پکارتے ہوئے ٹیلیفونک گفتگو کی بھی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ اس تاریکی میں امید کی کرن ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی فرد واحد کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ ہمیں دنیا پر باور کرانا ہے کہ ہم بیٹی بیچنے والے نہیں غیرت مند پاکستانی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ امریکہ و بھارت اپنے دہشت گرد ایجنٹوں کو بچانے کے لیے میدان میں آسکتے ہیں تو ہم اپنی بیٹی کو کیوں نہیں بچاسکتے؟ عافیہ صدیقی امن و محبت کی داعی اور وزیراعظم صاحب آپ کو اپنا ہیرو سمجھتی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے اپنے خط میں وزیراعظم  عمران خان کے لیے حوصلے، ہمت اور قوم کی صحیح ترجمانی کی دعائیں بھی کی ہیں۔

یاد رہے کہ عافیہ صدیقی کی والدہ کی جانب سے یہ خط اس وقت لکھا گیا ہے جب وزیراعظم امریکہ کے دورے پر جا رہے ہیں اور وہاں ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملیں گے۔

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *