پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، لاہور پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری کو مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے درخواست دی۔
درخواست میں لاہور پولیس نے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے، لیکن ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہورہے۔
درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزمان سے تحقیقات کرنے کے لئے ان کو گرفتار کرنا ضروری ہے، عدالت 12 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے قلعہ گجرسنگھ پولیس کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت کی جانب سے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑاور رانامشہود سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ جس کے بعد پولیس رانا مشہود کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر کے باہرپہنچ گئی ہے۔