دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات، کرفیو اور لاک ڈاؤن پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور صدر سیکیورٹی کونسل کو خط لکھا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی خطرناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کے خلاف بھی دشمنی پر مبنی جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے رواں برس 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے اور 300 شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے ایل او سی کے 5 سیکٹرز میں باڑ کو جزوی طور پر ہٹا دیا جبکہ براہموس میزائل رجمنٹس، اینٹی ٹینک میزائل اور سپائس میزائلز نصب کر دیے ہیں، بھارت ایل او سی پر نصب میزائل آزاد جموں و کشمیر پر استعمال اور کسی بھی وقت جعلی بنیادوں پر کوئی فوجی آپریشن کر سکتا ہے۔
خط میں اپیل کی گئی ہے کہ سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال میں اپنا کلیدی متحرک کردار ادا کریں، فوجی مبصر مشن کو مضبوط بنایا جائے اور اقوام متحدہ اپنے ایجنڈے پر موجود دیرینہ تصفیہ طلب مسئلہ تنازعہ جموں و کشمیر حل کروائے۔