ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا چیپٹرز میں نئے چہرے متعارف کروائے جارہے ہیں۔
پی پی پی عہدیدار کا دعویٰ تھا کہ پیپلزپارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری مرحوم جہانگیر بدر کے بیٹے علی بدر، سابق وفاقی وزیر مرحوم احمد مختیار کے بیٹے کو بھی آنے والے مہینوں میں یوتھ ونگ میں اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔ اسی دوران پیپلزیوتھ آرگنائزیشن سینٹرل پنجاب کے صدر زوہیب بٹ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ونگ کے عہدیداروں کی کوئی ملاقات کا انتظام نہ کرنے پر صوبائی قیادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔
زوہیب بٹ نے اپنے استعفے میں لکھا کہ صوبائی قیادت سے متعدد درخواستوں کے باوجود گزشتہ 3 برسوں کے دوران ونگ چیئرمین کے ساتھ ونگ کے عہدیداروں کی ایک ملاقات کا بھی انتظام نہیں کیا جاسکا کیونکہ ’پیپلزپارٹی ’پنجاب میں صرف دارالحکومت کا معیار بن گیا ہے‘۔
زوہیب بٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے یہ معاملہ چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ اٹھایا تھا جنہوں نے معاملے کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کچھ نہیں ہوا، جس پر ان کے پاس استعفے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا تھا۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری نیئرحسین بخاری نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔