الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کیلیے ہدایات جاری کر دیں

الیکشن کمیشن کے مطابق ایک امیدوار مختلف تجویز کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے۔ امیدوار کے لیے پاکستان کا شہری ہونا ضروری ہے جبکہ امیدوار کی عمر کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت 25 سال سے کم نہ ہو۔

12:37 PM, 19 Dec, 2023

نیا دور

ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن کے مراسلے کے مطابق ایک امیدوار مختلف تجویز کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے قومی اسمبلی کی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کی 20 ہزار روپے ہے۔

ای سی پی کی جانب سے قواعد میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کے لیے پاکستان کا شہری ہونا ضروری ہے جبکہ امیدوار کی عمر کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت 25 سال سے کم نہ ہو۔ امیدوار کی اہلیت و نا اہلیت کی تفصیلات آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 میں درج ہیں۔ جنرل نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہے ۔ خواتین اور غیرمسلم نشستوں کے تجویز اور تائید کنندگان کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونالازم ہے۔ قومی اسمبلی کی غیر مسلم نشستوں کے لیے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ ووٹر ہوں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ متعلقہ سیاسی جماعت کی ترجیہی فہرست ہو۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدوار اس کے تجویز کنندہ و تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا ہوں گی۔ امیدوار گزشتہ تین سالوں کا انکم ٹیکس ریٹرن کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کرے گا۔

قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو لیکن صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار متعلقہ صوبے کا ہو۔ قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔

ماضی میں 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں 2024 کے الیکشن میں ملک بھر میں 2 کروڑ 25 لاکھ سے زائد ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعدادوشمار بھی جاری کردئیے۔

آئندہ عام انتخابات 2024 میں 12 کروڑ 85لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی مردم شماری کی بنیاد پر فہرستیں تیار کر لی گئیں۔

واضح رہے کہ15 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ سال آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا جس کے تحت کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں 20 سے 23 دسمبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔

مزیدخبریں