سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کا الزام، عدالت نے ڈرامہ ’عہد وفا‘ پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا

09:08 AM, 19 Feb, 2020

نیا دور
لاہور ہائیکورٹ نے ہم ٹی وی کے ڈرامے ' عہد وفا' پر پابندی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

خیال رہے کہ محمد ذیشان نامی قانون کے طالب علم نے عدالت میں ' عہد وفا' پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار محمد ذیشان نے عدالت کو بتایا کہ وہ مالا کنڈ کے رہائشی ہیں اور لاہور میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے جبکہ سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد وحید نے ڈرامے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران جج نے درخوستگزار محمد ذیشان سے اس ڈرامے کے خلاف درخواست دائر کرنے کی وجہ پوچھی، جس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرامہ دیکھ کر دکھ ہوا۔

اس پر جسٹس شاہد وحید نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کرنے سے قبل پیمرا سے رجوع کیا تھا؟ اس پر محمد ذیشان نے بتایا کہ انہیں پیمرا سے کوئی امید نہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ جس کے بعد جسٹس شاہد وحید نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پہلے پیمرا کو درخواست دیں اور اگر شنوائی نہ ہو تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ' عہد وفا' میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی نے مرکزی کردار نبھائے۔ اس کے علاوہ ونیزہ احمد، زارا نور عباس اور علیزے شاہ نے بھی ڈرامے میں اہم کردار نبھائے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے ' عہد وفا' کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کی۔

https://www.youtube.com/watch?v=ByjMARkj-a0&feature=youtu.be
مزیدخبریں