انسداد دہشتگردی عدالت کا منظور پشتین اورمحسن داوڑ کو گرفتار کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

02:52 PM, 19 Feb, 2021

نیا دور
انسداد دہشت گردی کی کراچی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے لیڈر منظور پشتین اور وزیرستان سے نو منتخب ایم این اے محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کےکیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے منظور پشتین اور محسن داوڑ سمیت 2 ملزمان کے وارنٹ جاری کردئیے۔

ملزمان میں منظور پشتین، یاسین اور سفیان شامل ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 9مارچ تک پیش کیا جائے۔

دوران سماعت اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں پیشرفت ہوئی ، عدالت نے منظورپشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا شناختی کارڈ بلاک کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ بعد ازاں انسداددہشت گردی عدالت میں سماعت 9مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ پی ٹی ایم نے گزشتہ ماہ  کراچی میں جلسہ کیا جس کے بعد پی ٹی ایم کے رہنماء علی وزیر کو پشاور سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اس جلسے میں اشتعال انگیز تقریر کی اس لئے ان پر بغاوت کا مقدمہ چلایا گیا۔ اب محسن داوڑ اور منظور پشتین کو اسی کیس میں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
مزیدخبریں