غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آخری اطلاعات تک آج ہونے والے ضمنی الیکشنز میں ن لیگ نے ایک سیٹ پر پی ٹی آئی کو پچھاڑ دیا ہے۔ جبکہ اسے ایک قومی اور ایک صوبائی نشست پر برتری بھی حاصل ہے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق پی کے 63 نوشہرہ میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پی پی 51 گوجرانوالہ اور این اے 75 سیالکوٹ میں ن لیگ کے امیدوار آگے ہیں جبکہ این اے 45 میں آزاد امیدوار کو برتری حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے 360 میں سے 123 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین افتخار 33600 ووٹ لے کرآگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد خان 28732 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 75 سیالکوٹ میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب کے 84 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار حاجی سید جمال 11620 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پی ٹی آئی کےملک فخرزمان 10971 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 45ضلع کرم کی یہ نشست جے یو آئی کے ایم این اے منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ قبائلی ضلع میں صبح 8 بجےسےہی پولنگ کا عمل جاری تھا جوپانچ بجے تک جاری رہا۔
یہاں مجموعی طورپر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں 134 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے تھے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کےحلقہ پی کے 63 کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر 17 ہزار 23 ووٹ حاصل کیے۔