عمران خان مدت پوری کرنیوالے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن سکتے ہیں: گیلپ سروے

11:54 AM, 19 Feb, 2022

نیا دور
گیلپ سروے کے مطابق 53 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی وزارت عظمیٰ کی مدت مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے ایک سروے کیا جس میں پانچ ہزار سے زائد افراد کی رائے شماری کی گئی۔ ادارے کی جانب جاری نتائج میں کہا گیا ہے کہ 30 فیصد شہریوں نے مدت مکمل نہ ہونے کے خدشے کا اظہار کیا جبکہ 53 فیصد پاکستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی مدت مکمل کریں گے۔

سروے کے مطابق بلوچستان سے 75 فیصد افراد نے کی جبکہ پنجاب سے 55، سندھ سے 49 اور خیبر پختونخوا سے 45 فیصد شہریوں نے وزیراعظم کی مدت مکمل ہونے سے متعلق پُرامید ہونے کا کہا۔

گیلپ پاکستان کے سروے میں حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کئے جانے والے سوال پر 34 فیصد نے حکومت کی کارکردگی کو اچھا جبکہ اتنی ہی تعداد میں لوگوں نے اسے برا قرار دیا۔

واضح رہے کہ 2020ء میں امریکی تجزیہ کار مائیکل کوگلمین نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی کامیاب پالیسی نے وزیراعظم عمران خان کی باقی ماندہ مدت پوری کرنیکی راہ ہموار کر دی ہے۔ وہ وزارت عظمیٰ کی مدت پوری کرنیوالے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ مائیکل کوگلمین وڈرو ولسن انٹرنیشنل سینٹر فار سکالرز، واشنگٹن میں جنوبی ایشیا کے لئے سینئر پروگرام ایسوسی ایٹ اور تجزیہ کار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں پیشنگوئی کی تھی کہ اگر اہم تبدیلیاں نہ کی گئیں تو عمران حکومت جون میں ختم ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم جون آیا اور چلا گیا لیکن عمران خان کی حکومت اب تک قائم ہے۔ سہیل وڑائچ کی طرح دیگر اور بھی تجزیہ کار ہیں جو عمران خان کی مدت مکمل کرنے سے مختلف تجزیے کرتے رہتے ہیں۔

مائیکل کوگلمین نے لکھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اب تک کوئی ایسا وزیراعظم نہیں گزرا جس نے وزارت عظمیٰ کی اپنی مدت مکمل کی ہو۔ موجودہ حکومت کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے، یہاں تک کہ پی ٹی آئی ووٹرز بھی حکومتی کارکردگی سے مایوس نظر آ رہے ہیں لیکن دوسری طرف اپوزیشن جماعتیں بھی حکومت کے لیے مشکلات پیدا نہیں کرسکیں۔

 
مزیدخبریں