سکھر میں شہری ماحول کے تحفظ کیلئے ’کلین اینڈ گرین مہم‘ کا آغاز

06:36 PM, 19 Feb, 2022

نیا دور
’کلین اینڈ گرین مہم‘ کا مقصد آگاہی پیدا کرنا اور سکھر کے تمام مکینوں کی شرکت کو یقینی بنانا تھا تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سکھر میونسپل کارپوریشن نے ’کلین اینڈ گرین سکھر‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام مکینوں سے شہر کے ماحول کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
جمعہ کے روز اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر غلام مصطفیٰ پھول، ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد اور ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد آگاہی پیدا کرنا اور سکھر کے تمام مکینوں کی شرکت کو یقینی بنانا تھا تاکہ شہر کو ’صاف اور سرسبز‘ رکھا جا سکے۔
اس کے علاوہ اس ریلی کے شرکا میں مذہبی سکالرز بھی شامل تھے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر، سکھر ہائیکورٹ ایسوسی ایشن، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی سمیت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے حکام، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحول کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سکھر کو صاف ستھرا رکھنا ضلعی انتظامیہ سمیت ہر شہری کا فرض ہے۔ انہوں نے اپنے سابقہ حلقے کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا قومی اور مذہبی فرض سمجھتے ہوئے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس میں مخصوص جگہ پر کچرا پھینکنے جیسی آسان کارروائیاں شامل ہیں۔
سابق میئر نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہریوں اور رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے بھی مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ناصرف ایک سماجی فریضہ بلکہ ہمارے ایمان کا بھی بنیادی جزو ہے۔ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں، محلوں اور شہر کو صاف ستھرا رکھیں۔ انہوں نے مکینوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن اور صفائی کے عملے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے تعاون کریں۔
ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کا پورا عملہ اور شہر کی صفائی کے لیے مامور افسران ریلی میں موجود ہیں اور شرکاء سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کریں۔
مزیدخبریں