شاہد خاقان عباسی نے فواد چوہدری کو 4 لیگی رہنماؤں پر بغاوت کے الزام پر چیلنج دے دیا

08:31 AM, 19 Jan, 2022

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء شاہد خاقان عباسی نے فواد چوہدری کو 4 لیگی رہنماؤں پر بغاوت کے الزام پر چیلنج دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جیو کے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے کسی سینئر رہنما کی ماضی قریب میں کسی سے ملاقات نہیں ہوئی کیوں کہ کسی مسلم لیگ ن کے شخص کو کسی سے ملاقات کی نہ اجازت ہے نہ کی ہے اور نہ کرسکتا ہے ، فواد چوہدری اُن 4 لیگی رہنماؤں کے نام سامنے لائیں، چیلنج دیتا ہوں کہ وہ بتائیں کس سے ملاقات ہوئی اور کس نے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم کسی بھی عارضی نطام کا حصہ نہیں بن رہے ، جہاں تک وزیراعظم بننے کی بات ہے تو یہ جماعت فیصلہ کرتی ہے جب وہ الیکشن جیت جائے۔

دوسری جانب حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی ، ایاز صادق ، احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ن لیگ کن اصولوں کی بات کررہی ہے ، مسلم لیگ ن کی فہرست میں تو وہ لوگ ہیں جو ہر وقت بکنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور خواجہ آصف تو پہلے ہی اپنی جماعت میں بے نقاب ہوچکے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جعلی رپورٹس کی بنیاد پر ان کے قائد نوازشریف ملک سے باہر گئے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ ان کی رپورٹس جعلی ہیں ، اسی لیے حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق کمیٹی بنادی ہے ، جس نے بھی نواز شریف کی جعلی رپورٹ بنائی اس کو سزا دی جائے گی۔
مزیدخبریں