اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات بنانے کیلئے تیار ہیں، رجب طیب اردوان

08:55 AM, 19 Jan, 2022

نیا دور
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ بحیرہ روم کی متنازع گیس پائپ لائن کے لیے امریکی حمایت میں مبینہ کمی کے بعد ترکی کے اسرائیل کے ساتھ کشیدہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کے لیے تیار ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان کی جانب سے اپنے علاقائی حریف کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا بیان ملک میں ایک سال سے جاری معاشی بحران کے بعد سامنے آیا ہے۔

اسرائیل کے ساتھ ترکی کے تعلقات 2010 میں غزہ کی پٹی کے لیے بھیجے گئے ترکی کے فلوٹیلا جہاز پر اسرائیلی حملے میں 10 شہریوں کی ہلاکت کے بعد شدید تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

اس کے بعد اسرائیل اور ترکی کے تاریخی حریف یونان سمیت دیگر ممالک کے ایک گروپ نے مشرقی بحیرہ روم کی گیس کو یورپ تک پہنچانے کے لیے مشترکہ پائپ لائن پر کام شروع کردیا تھا۔

ترکی نے اس منصوبے کی سختی سے مخالفت کی اور خطے کی توانائی کے ذخائر کے لیے اپنے علاقائی دعوؤں کو داؤ پر لگا دیا۔

اس پائپ لائن کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق انتظامیہ نے بھی سپورٹ کیا تھا۔

تاہم اسرائیلی اور دیگر میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ واشنگٹن نے گزشتہ ہفتے نجی طور پر یونان کو مطلع کیا تھا کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کی ٹیم پائپ لائن منصوبے کی مزید حمایت نہیں کر رہی کیونکہ اس سے ترکی کے ساتھ علاقائی تناؤ پیدا ہوا ہے۔

رجب طیب اردوان نے ترکی کے دورے پر آئے ہوئے سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچک کے ساتھ مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں امریکا نے اس منصوبے کی مالیات کو دیکھ کر پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کو اس دیرینہ خیال پر بحال کر رہے ہیں کہ بحیرہ روم کی گیس ترکی کے راستے یورپی صارفین تک پہنچائی جائے۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم اب بھی یہ کر سکتے ہیں۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق رجب طیب اروان نے اسرائیلی صدر کے جلد دورہ ترکی کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
مزیدخبریں