ثانیہ مرزا 2022 کے آخر میں ٹینس کو الوداع کہہ دیں گی

12:24 PM, 19 Jan, 2022

نیا دور
بھارتی خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے آسٹریلین اوپن میں خواتین کے ڈبلز مقابلے کا پہلا راؤنڈ میچ ہارنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ 2022 کا ڈبلیو ٹی اے ٹور ان کا آخری سیزن ہوگا۔
ثانیہ مرزا اور ان کی یوکرائنی ساتھی نادیہ کیچنوک کو سلووینیائی کھلاڑیوں تمارا زیڈانسیک اور کاجا جوون سے 4-6، 6-7 (5) سے شکست ہوئی۔ انڈین ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ میرا ٹینس کا آخری سیزن ہوگا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں یہ پورا سیزن کھیل سکوں گی یا نہیں لیکن میں اسے مکمل کرنا چاہتی ہوں۔
خیال رہے کہ 35 سالہ ثانیہ مرزا ڈبلز کیٹیگری میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی رہی ہیں۔ تاہم وہ اس وقت دنیا میں 68ویں نمبر پر ہیں۔ وہ گرینڈ سلیم جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے آخری گرینڈ سلیم 2016 میں آسٹریلین اوپن میں جیتا تھا۔
ثانیہ مرزا نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن اس کی کچھ وجوہات ہیں۔ میرا بہت زیادہ سفرکرنا میرے 3 سال کے بیٹے کے لئے اچھا نہیں ہے اوریہ میرے لئے بہت اہم بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مستقبل کی تیاری کر رہی ہوں، لیکن یہ طے نہیں ہے کہ میں آگے پورا سیزن کھیل پاؤں گی یا نہیں، میری فٹنس بھی کم ہورہی ہے اورمجھے لگتا ہے کہ میری ریکوری میں لمبا عرصہ لگے گا۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا 6 گرینڈ سلام ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ وہ ڈبلیو ٹی اے کی ڈبلز رینکنگ میں ٹاپ پربھی رہ چکی ہیں۔ ثانیہ مرزا ڈبلیوٹی اے کی سنگل رینکنگ میں ٹاپ 30 میں شامل ہونے والی پہلی بھارتی کھلاڑی ہیں۔
مزیدخبریں