نگران وزیر اعلیٰ پنجاب؛ تحریک انصاف کا پارلیمانی کمیٹی کو دو نام بھیجنے کا فیصلہ

02:00 PM, 19 Jan, 2023

نیا دور
پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے پر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے عمران خان سے ملاقات کی ہے اور ان سے مشاورت کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کو دو نام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملاقات میں نگران وزیر اعلیٰ کے لئے تحریک انصاف کے تین ناموں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ان میں احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اور نصیرخان کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹی کو احمد نواز سکھیرا اور نوید چیمہ کے نام بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ حساس ملکی صورت حال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی ہے۔ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے۔ بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت اس ذمہ داری کے لئے نہایت ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی بہترین شہرت اور صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کر رہی ہے۔ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا حماقت ہو گی۔ نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا پورا کر کے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا حق دیا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب پر مشاورت کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم ہو چکی ہے۔ حکومت اور اپوزيشن کمیٹی کو دو دو نام بھیجیں گے۔ کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق کرنا ہوگا۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان ناموں میں سے کسی ایک کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کر دے گا۔

یاد رہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور صحافی محسن نقوی کےنام بھجوائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے حکومت اور اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت گزشتہ 17 جنوری کی رات 10 بجے تک تھا۔ کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہونے پر اب معاملہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا گیا ہے جنہوں نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کا اجلاس کل ہونا ہے۔
مزیدخبریں