پاک ایران کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، اہم فیصلے متوقع

گزشتہ روز پاکستان نے میزائل حملے کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا تھا۔ اس دوران پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے متعدد دہشتگرد مارے گئے۔

10:36 AM, 19 Jan, 2024

نیا دور

پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر ہو گا، اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کریں گے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،آرمی چیف، نیول اور پاک فضائیہ کے چیف اور خفیہ اداروں کے حکام شریک ہوں گے۔

خصوصی اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی۔ قومی سلامتی کمیٹی امن و امان کی صورتحال پر اہم فیصلے بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں ملک کی موجودہ سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ دو روز قبل ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں  پر میزائل حملےکیے جس میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہو گئیں۔

18 جنوری کو پاکستان نے میزائل حملے کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا تھا۔ اس دوران پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے متعدد دہشتگرد مارے گئے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان نے آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے سنجیدہ تحفظات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے۔ گزشتہ صبح دہشتگردوں کے خلاف کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔

مزیدخبریں