سہیل آفریدی صاحب کے نام کھلا خط

آپ عمران سے محبت کے نام پر دوسرے صوبوں میں گھوم رہے ہیں، جب کہ آپ کے اپنے صوبے کے لوگ سردی سے مر رہے ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں ہیں اور آپ نے یہ فیصلہ مجبوری میں کیا ہے، لیکن پھر عوام کو یہ کیوں نہیں بتاتے کہ میں مجبور ہوں اور آپ لوگوں کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں، آپ وہاں منتقل ہو جائیں؟

10:08 PM, 19 Jan, 2026

علی حسین

سہیل آفریدی صاحب، آپ مجھے تعلیم یافتہ بھی لگتے ہیں اور آپ کی سوچ بھی باقی پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مختلف محسوس ہوتی ہے۔ لیکن شاید میں غلط ہوں، یا شاید آپ واقعی ایک ٹاؤٹ بن چکے ہیں۔ میری پی ٹی آئی کے حامیوں سے گذارش ہے کہ بات جذبات کے بجائے حقائق اور اعداد و شمار کی بنیاد پر کریں۔

جب تیراہ، وانا میں آپریشن شروع ہو رہا تھا اور شدید سردی میں لوگوں کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا تھا، اس وقت آپ کا لائحہ عمل کیا تھا؟ جب آپریشن شروع ہوا تو آپ کہاں تھے؟ آپ کے چاہنے والے اور فالوؤرز کہاں تھے؟ آپ تو کراچی جا کر تقاریر کر رہے تھے، اور ان تقاریر میں یہ کہہ رہے تھے کہ میں اپنے علاقے کو ایسا بناؤں گا کہ کراچی میں بسنے والے پشتون واپس خیبر پختونخوا آ کر اپنے ہی صوبے میں مزدوری کریں گے۔

اس شدید سردی میں لوگوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنا اور انہیں ایسی جگہوں پر بھیج دینا جہاں انہیں یہ بھی معلوم نہ ہو کہ وہ اپنا رہن سہن کیسے اور کہاں قائم کریں گے، نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

آپ عمران سے محبت کے نام پر دوسرے صوبوں میں گھوم رہے ہیں، جب کہ آپ کے اپنے صوبے کے لوگ سردی سے مر رہے ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں ہیں اور آپ نے یہ فیصلہ مجبوری میں کیا ہے، لیکن پھر عوام کو یہ کیوں نہیں بتاتے کہ میں مجبور ہوں اور آپ لوگوں کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں، آپ وہاں منتقل ہو جائیں؟

آپ کی قیادت آپ کے اپنے لوگوں کے بقول — شیر افضل مروت سے لے کر علی امین گنڈاپور تک اور بہت سے دیگر لوگ — یہ نہیں چاہتی تھی کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں۔ آپ کے وکلا اور آپ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز عمران خان کے ساتھ بالکل بھی مخلص نہیں ہیں۔ آپ لوگوں نے ڈی چوک میں بلاوجہ عوام کو مروا دیا اور خود بھاگ گئے۔

آپ کے اپنے لوگ طالبان کے ساتھ لین دین میں مصروف ہیں۔

آپ کا نعرہ ہے کہ ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔ ہم نے تو کھنڈرستان دیکھ لیا، مگر نیا پاکستان نہیں دیکھا۔ ہمیں معلوم ہے کہ الیکشن میں آپ کے ساتھ زیادتی ہوئی، ووٹ چوری ہوئے، لیکن پنجاب میں جو منتخب (یا سلیکٹ) ہو کر آئے ہیں وہ کام تو کر رہے ہیں۔ میں خود راولپنڈی اسلام آباد میں رہتا ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ پنجاب میں کیا ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ روزانہ ایک نیا منصوبہ شروع ہو رہا ہے، جو میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ لیکن آپ لوگوں سے تو ایک سڑک بھی نہیں بن رہی۔

مردان سے کٹلنگ، کی طرف جانے والی سڑک، جسے کٹلنگ روڈ کہا جاتا ہے، دو سال سے زیرِ تعمیر ہے مگر اب تک مکمل نہیں ہو سکی۔ آخر ہمارا قصور کیا ہے؟ ہم کب تک ذلیل ہوتے رہیں گے؟ کیا ہم واقعی اتنے بدقسمت ہیں؟

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی صاحب صرف نعروں سے اور بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر لوگوں کو بلیک میل کرنا چھوڑ دیں۔ ان پشتونوں نے ہی آپ کو اس نشست پر بٹھایا ہے۔

اگر آپ واقعی اتنے مجبور ہیں تو پھر آگے آئے ہی کیوں، جب آپ اپنے لوگوں کا بھی خیال نہیں رکھ سکتے؟ کچھ دن پہلے مریم نواز برازیل گئیں، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کی اور وہاں سے کئی خیالات لے کر آئیں، پھر جاپان گئیں اور وہاں سے سرمایہ کاری لے کر آئیں۔ اگر آپ صرف گھومتے ہی رہیں گے تو یہ طریقہ نہیں چلے گا۔

ہم بھی اس شخصیت پرستی کی سیاست کو چھوڑ دیں گے اور ان لوگوں کا ساتھ دیں گے جو پاکستان میں واقعی کام کر رہے ہیں۔ باتوں سے کچھ نہیں ہوتا۔

آخر میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بھی ہمیں سخت شکایات ہیں۔ اگر کسی دہشت گرد کو نشانہ بنانا ہے تو اسی دہشت گرد کو ماریں۔ ایک دہشت گرد کو مارنے کے لئے چار پانچ گھر مسمار کر دینا کاہے کی انٹیلیجنس کارروائی ہے؟ آپ کو بھی اپنا نشانہ درست کرنا چاہیے۔

شکریہ

مزیدخبریں